نئی دہلی، 5؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مرکزی الیکشن کمیشن (ای سی آئی )نے اتر پردیش اور اتراکھنڈ سمیت پانچ ریاستوں کے سی ای او کو 11؍ مارچ کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے لیے تمام تیاریاں 7 ؍مارچ تک مکمل کرنے اور ووٹوں کی گنتی کے مقامات کے فل پروف سیکورٹی انتظامات کی ہدایت دی ہے۔الیکشن کمیشن نے پنجاب کے 53، گوا کے 2، اتر پردیش کے 75، اتراکھنڈ کے 15اور منی پور کے 12ووٹوں کی گنتی کے مراکز سمیت کل 157ووٹوں کی گنتی کے مراکز پر سخت حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پانچوں ریاستوں کے چیف الیکشن آفیسر (سی ای او)کو ہدایت دی ہے۔کمیشن نے ووٹوں کی گنتی کو منصفانہ طریقہ سے پورا کرنے اور اس دوران سماج دشمن عناصر پر گہری نگاہ رکھنے کی ہدایت دی ہے۔کمیشن نے ووٹوں کی گنتی کے مقامات کی مناسب بیریکیڈنگ اور ویڈیوگرافی کے ساتھ ہی اسٹرانگ روم کی سیکورٹی کو یقینی بنانے، ووٹوں کی گنتی کے ملازمین کی آسانی سے شناخت کے لیے انہیں رنگین بیج مہیا کرانے اور 7 ؍مارچ کی شب تک سبھی تیاریاں مکمل کرکے 8 ؍مارچ کو مبصرین کی طرف سے ووٹوں کی گنتی کے ہال کا دورہ کرکے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لے کر کمیشن کو رپورٹ سونپنے کی ہدایت دی ہے ۔